میں

نوکری چھوڑنے کا وقت آ گیا ہے!

نوکری کے دوران کوئی "بُرا دن” آ جائے، یہ حیرانگی کی بات نہیں۔ ہاں! کوئی "اچھا دن” مل جائے تو حیرت ہونی چاہیے۔ ہم میں سے زیادہ تر لوگ پوری زندگی ایسی نوکریاں کرتے ہیں، جو ہمیں پسند نہیں ہوتیں لیکن کیا کریں؟ خیر، یہ تو ایک الگ بحث ہے لیکن ہم آج آپ کو بتانے جا رہے ہیں چند ایسی علامات، ایسے اشاروں کے بارے میں جن سے آپ کو اندازہ ہو جانا چاہیے کہ اب یہ نوکری چھوڑنے اور کہیں آگے بڑھنے کا وقت آ چکا ہے۔ واضح رہے کہ یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں ہوتا۔ ہمارے ہاں تو شادی کے لیے رشتہ دیکھتے ہوئے یہی کہا جاتا ہے کہ لڑکے کی شکل نہیں، اس کی نوکری دیکھنی چاہیے۔ اس لیے جو بھی فیصلہ کرنا ہے، بہت سوچ سمجھ کر اور مستقبل کے لیے دستیاب مواقع، امکانات اور حالات کو دیکھتے ہوئے کرنا چاہیے۔

دل نہ لگنا

کام میں دل نہ لگنا آپ کے لیے ہر گز اچھا نہیں، نہ حال کے لیے اور نہ مستقبل کے لیے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ وہ کام نہیں کر رہے جو آپ کرنا چاہتے ہیں۔ اس لیے جلد از جلد ایسے کام کی طرف جائیں، جس میں آپ کا دل لگتا ہو یا جو کام آپ کو کرنا پسند ہو۔ یقین جانیں کہ ایسا کام کر کے آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ کی زندگی کتنی پُر سکون ہو گئی ہے۔


کام، کام اور بس کام

جہاں کام کرنا آپ کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے ضروری ہے، وہیں بہت زیادہ کام کرنا نقصان دہ بھی ہے۔ گھر واپس پہنچنے کے بعد آپ تھکاوٹ سے بے حال ہوں اور اپنے گھر والوں کو وقت بھی نہ دے پائیں تو ایسی نوکری کا بھلا کیا فائدہ؟ یاد رکھیں کہ مستقل بہت زیادہ کام اور اس کے نتیجے میں تھکاوٹ نہ صرف آپ کی جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے بلکہ آپ کو ذہنی طور پر بھی بری طرح متاثر کرے گی۔


مالی مسائل

اب ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ مالی طور پر کوئی مطمئن بھی ہوگا، مسائل تو سب کے ساتھ ہی رہتے ہیں لیکن اگر آپ کے ذہن پر ہر وقت مالی پریشانیاں طاری رہتی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کو اتنی تنخواہ نہیں ملتی۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ اپنا ادارہ بدل لیں کیونکہ نئے ادارے میں آپ کو نئی اور بہتر تنخواہ مل سکتی ہے۔ ویسے یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ اپنے موجودہ ادارے سے تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ کریں، لیکن اگر ایسا ممکن نہیں ہو تو پھر نئی نوکری بہت ضروری ہے۔


منزلیں جدا جدا

آپ اپنی ملازمت سے کیا حاصل کرنا چاہ رہے ہیں اور آپ کے ادارے کا ہدف کیا ہے؟ یہ دونوں ایک جگہ ملنے چاہئیں، ورنہ ادارہ تو شاید آپ سے بہت کچھ حاصل کر لے، لیکن آپ کے پلّے کچھ باقی نہ رہے۔ اس لیے اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے ادارے کی سمت الگ ہے اور آپ کے اہداف اس سے کہیں مختلف ہیں تو بہتر ہے کہ کسی نئے ادارے میں ملازمت اختیار کر لیں۔


صلاحیتوں کا درست استعمال

کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ آپ کا ادارہ آپ سے بہت معمولی نوعیت کے کام لیتا ہے جبکہ آپ کی نظر تو آسمانوں پر ہوتی ہے۔ جب آپ کو لگے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کے اعتبار سے بہت معمولی درجے کے کام کر رہے ہیں تو آپ کو کسی دوسرے اور زیادہ بہتر ادارے کا رخ کرنا چاہیے۔


باہمی اعتماد کی کمی

کسی بھی ادارے کے ساتھ آپ کا وابستہ ہونا دراصل اس اعتماد کو ظاہر کرتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ آپ ادارے کا کام بر وقت اور بخوبی کریں گے اور ادارہ آپ کی مالی و پیشہ ورانہ ضروریات کو پورا کرے گا۔ لیکن اگر یہ اعتماد موجود ہی نہ ہو، نہ آپ ادارے پر بھروسا کرتے ہوں اور نہ ادارہ آپ پر، تو ایسی نوکری کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ فوراً سے پیشتر کسی نئے ادارے میں ملازمت حاصل کرنے کی کوشش کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

امریکا کا شہر، جہاں مسلمانوں کی اکثریت ہے

ویکسین نہیں لگواؤں گا!، ورلڈ نمبر وَن کھلاڑی کا پھر اعلان