میں

انٹرویو میں کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری؟

زندگی میں کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جو بہت ہی فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر سنجیدگی سے توجہ نہ دی جائے تو "لمحوں نے خطا کی، صدیوں نے سزا پائی” والا معاملہ بھی بن سکتا ہے۔ انہی میں سے ایک کسی بھی ملازمت کے لیے انٹرویو دینا بھی ہوتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ہم اتنا وقت اپنے گھر والوں کو بھی نہیں دیتے، جتنا وقت ملازمت کرتے ہوئے دفتر یا کارخانے میں گزارتے ہیں۔ ہمارے مالی حالات اور اس سے جڑے ذہنی سکون کا تعلق بھی براہ راست ملازمت سے ہی ہوتا ہے اس لیے جب کبھی نوکری کے لیے انٹرویو دینے کا وقت آتا ہے تو بہت سے لوگ گھبرا جاتے ہیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں اور اہلیت کے باوجود انٹرویو دینے میں اعتماد نہ ہونے کی وجہ سے ناکام ہو جاتے ہیں۔

اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ کسی بھی ملازمت کے لیے انٹرویو دینے کے لیے نہ صرف بھرپور تیاری کی جائے بلکہ پورے اعتماد کے ساتھ ایک بہتر موقع کو حاصل کیا جائے۔ اس تیاری میں کیا کچھ شامل ہو سکتا ہے؟ آئیے آپ کو بتاتے ہیں:

مشکل سوالات کی تیاری

انٹرویو کے دوران سب سے زیادہ پریشانی اُن سوالات کے حوالے سے ہوتی ہے، جن کے آپ جوابات نہیں دینا چاہتے یا دیتے ہوئے گھبراتے ہیں۔ مثلاً پچھلے ادارے میں آپ کی نوکری ختم ہونے کی وجہ کیا تھی؟ اس لیے بہتر یہی ہے کہ ایسے سوالات کی پہلے سے تیاری کریں۔ تیاری نہ ہونے کی وجہ سے جب اچانک ایسا سوال سامنے آ جائے تو فوراً ذہن پر سوار ہو جاتا ہے اور باقی ماندہ انٹرویو بھی خراب ہو جاتا ہے۔ اس لیے ایسے مشکل سوالات کے حوالے سے ذہنی طور پر پہلے سے تیاری کر کے رکھیں، ان کا جواب اپنے ذہن میں سوچ لیں۔


مثبت پہلوؤں پر نظر

جس طرح کچھ سوالات آپ کی کمزوری ہیں تو کچھ ایسے پہلو بھی ہیں جو آپ کی طاقت ہیں۔ اس کے اظہار کا موقع آپ کو تب ملے گا جب انٹرویو لینے والا پوچھے گا کہ دوسرے امیدواروں کے بجائے آپ کا انتخاب ہی کیوں کیا جائے؟ یہ سوال تقریباً ہر انٹرویو میں شامل ہوتا ہے، اس لیے آپ نے اس کے لیے اپنی انفرادی خصوصیت بتانی ہے۔ یہ سوال بہت ہی اہم ہے اور اس کا جواب آپ کو انٹرویو میں کامیابی دلا سکتا ہے۔


پُر سکون ہو جائیں

انٹرویو سے قبل کچھ دیر کے لیے اپنے ذہن کو پُر سکون کریں اور ارد گرد کے ماحول سے مانوس ہونے کی کوشش کریں۔ خود پر یقین رکھیں، اعتماد کے ساتھ بیٹھیں کیونکہ بے یقینی آپ کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔ اگر پر سکون ہونے کے لیے کوئی دعا پڑھنے کا معمول رکھتے ہیں تو وہ ضرور پڑھیں۔ ایک اور طریقہ یہ ہے کہ آپ ایک طویل سانس لیں اور کچھ دیر بعد اسے چھوڑ دیں۔ یوں گہرے سانس لینے کا عمل کئی مرتبہ دہرائیں۔ یہ بھی آپ کو پُر سکون کر دے گا۔


‏”نوکریاں” اور بھی ہیں!

ایک بات یاد رکھیں کہ ملازمت کا یہ موقع زندگی میں پہلی یا آخری بار نہیں ملا۔ تیاری پوری کریں، لیکن انٹرویو کو اپنے ذہن پر اتنا طاری مت کریں کہ گویا ناکام ہوئے تو سب کچھ ختم ہو جائے گا۔ اس طرح کی سوچ آپ کو انٹرویو کے دوران غیر ضروری طور پر دباؤ میں لائے گی۔


"آج مجھے کوئی نہیں روک سکتا!”

انٹرویو سے پہلے آپ کا ذہن آپ کو بہت کچھ کہتا ہے، اور زیادہ تر یہ باتیں منفی ہی ہوتی ہیں۔ لیکن آپ نے دماغ کو خاموش کرانا ہے، کیسے؟ اسے کہیں "آج مجھے کوئی نہیں روک سکتا!” ۔ یہ خود کلامی آپ کے دماغ کو منفی سے مثبت موڈ میں لا سکتی ہے۔ آپ اپنی کامیابیوں کو یاد کر کے انہیں زبانی دہرا سکتے ہیں تاکہ دماغ پر پوری طرح واضح ہو جائے کہ آپ کو آج روکنے والا کوئی نہیں!


اپنے بہترین اور پسندیدہ کپڑے پہنیں

انٹرویو میں ایسے کپڑے پہن کر جائیں جس میں آپ خود کو مطمئن اور پُر اعتماد سمجھتے ہوں۔ ایسے کپڑے یا جوتے ہر گز مت پہنیں، جن میں آپ کو خود کو بے آرام محسوس کریں۔ ایک کاٹتا ہوا جوتا آپ کے انٹرویو کا بیڑا غرق کر سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

بھارت میں حجاب پر ہنگامہ کیوں؟

افغانستان سے بھاگے، یوکرین میں پھنسے  یعنی آسمان سے گرے، کھجور میں اٹکے