میں

وہ اسمارٹ فونز جن کا ہے سب کو انتظار

سال 2021ء کو ہم کئی لحاظ سے ایک مایوس کُن سال کہہ سکتے ہیں، خاص طور پر اگر دنیا بھر کی اور پاکستان کی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کے لحاظ سے دیکھیں تو یہ بہت ہی تباہ کُن سال تھا۔ لیکن اسمارٹ فونز پر نظر ڈالیں تو آپ کو 2021ء بہت ہی شاندار لگے گا اور ہمیں پوری امید ہے کہ 2022ء اس سے بھی بہتر سال ہوگا۔

نئے سال میں ہمیں آئی فون 14 پرو اور سام سنگ گلیکسی ایس 22 الٹرا جیسے فونز بہت سی نئی جدّتوں اور بہتریوں کے ساتھ ملیں گے۔  پھر بہت سے فولڈیبل فونز بھی آنے والے ہیں اور کئی فلیگ شپس بھی۔ کچھ فونز تو ہمیں سال کی پہلی سہ ماہی میں ہی مل جائیں گے اور چند ایسے ہیں جن کے لیے ہمیں کئی مہینے انتظار کرنا پڑے گا۔ پھر بھی وہ کون سے فونز ہیں، جن کا 2022ء میں سب انتظار کر رہے ہیں، آئیے ان پر ایک، ایک کر کے بات کرتے ہیں:

آئی فون 14 پرو

آئی فون 14 کی ایک خیالی تصویر

آپ کچھ بھی کہہ لیں، لیکن حقیقت یہی ہے کہ سال میں جس فون کا سب سے زیادہ انتظار کیا جاتا ہے، وہ آئی فون ہی ہوتا ہے۔ 2022ء میں آئی فون 14 ہی ہوگا جس کی طرف سب کی نظریں ہیں۔ اور یہ hype بلا وجہ نہیں ہے، اِس سال آئی فون 14 پرو اور پرو میکس میں بہت سی تبدیلیوں کا اشارہ مل رہا ہے۔ نیا ڈیزائن ہوگا، جس میں کوئی notch نہیں ہوگی بلکہ اس کی جگہ ایک پنچ ہول کیمرا آئے گا۔ پھر چند لیکس سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اس میں کیمرے کو بھی کافی اپگریڈ کر دیا گیا ہے جو 48 میگا پکسلز کا ہوگا۔ یہ بات تو آپ جانتے ہی ہیں کہ اِس وقت آئی فون میں 12 میگا پکسلز کا کیمرا آتا ہے۔

اس کے علاوہ آئی فون میں ایک نیا ماڈل آئی فون 14 میکس آنے کی بھی اطلاع ہے، جس کی اسکرین 6.انچ کی ہوگی۔ خیر، ابھی تو ستمبر بہت دُور ہے اور لانچنگ سے پہلے بہت سے خبریں اور بھی لِیک ہوں گی۔ دیکھتے ہیں اس سال ایپل کیا سامنے لاتا ہے؟


سام سنگ گلیکسی ایس 22

موجودہ ماڈل سام سنگ گلیکسی ایس 21 الٹرا

سال کی بڑی لانچ میں سے ایک ہوگی سام سنگ گلیکسی ایس 22 اور اس کے لیے ہمیں بہت زیادہ انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا۔ ایک افواہ کے مطابق تو یہ ابھی 8 فروری کو ہی لانچ ہو رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گلیکسی ایس 22 اور ایس 22 پلس میں ایس 21 جیسی ہی اسکرین ہوگی اور ڈیزائن بھی ویسا ہی ہوگا لیکن اس میں چپ سیٹ ذرا بہتر ہوں گے۔ ویسے سام سنگ کے نئے Exynos چپ سیٹس کی پروڈکشن میں فی الحال کچھ مسئلے ہیں اس لیے لگتا یہی ہے کہ نئے فونز میں اسنیپ ڈریگن چپ سیٹ ہی ہوں گے۔


ون پلس 10

ون پلس 10 پرو

ون پلس 10 کا معاملہ کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔ فون کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا لیکن ون پلس 10 پرو چین کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ بہرحال امید ہے کہ جلد ہی دنیا بھر کے لیے بھی اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔

ون پلس 10 کے بارے میں بہت کم خبریں سامنے آئی ہیں، لیکن ون پلس 10 پرو کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے۔ اس میں 6.7 انچ کی ایمولیڈ اسکرین ہوگی، وہ بھی 120 ہرٹز کے ریفریش ریٹ کے ساتھ۔ پھر ایک طاقتور اسنیپ ڈریگن 8تھ جنریشن چپ سیٹ، 5 ہزار mah کی جاندار بیٹری اور ٹرپل لینس کیمرا بھی۔ اس میں مین کیمرا 48 میگا پکسلز کا ہوگا اور ساتھ ہی 50 میگا پکسلز کے الٹرا وائیڈ اور 8 میگا پکسلز کے ٹیلی فوٹو لینسز بھی موجود ہوں گے۔

ون پلس 10 میں بھی کم و بیش یہی کچھ ہوگا، بس ذرا ‘مسالا’ کم ہوگا لیکن قیمت بھی نسبتاً کم ہی ہوگی۔


گوگل پکسل 7

گوگل پکسل فون

فی الحال گوگل پکسل 7 کے بارے میں کچھ زیادہ باتیں نہیں معلوم۔ پھر یہ اکتوبر 2022ء سے پہلے آنا والا بھی نہیں ہے۔

گوگل کی جانب سے اپنی پکسل 6 رینج میں جو زبردست تبدیلیاں کی گئی تھیں، اس کے بعد لگتا تو یہی ہے کہ اس مرتبہ زیادہ نیا کچھ نہیں ہوگا۔ پکسل 6 نے اس رینج کو ایک نئی زندگی دی ہے اس لیے ہمیں نئے ماڈل سے بھی بہت سی امیدیں ہیں۔ اگر پکسل 7 پکسل 6 سے ذرا سا بہتر بھی ہوا تو دنیا اسے ہاتھوں ہاتھ لے گی۔


سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ 4

سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ

صرف گلیکسی ایس 22 ہی نہیں، بلکہ سام سنگ کے جس فون کا بہت زیادہ انتظار کیا جا رہا ہے اس میں سام سنگ گلیکسی زیڈ فولڈ 4  بھی شامل ہے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ اب تک کا بہترین فولڈیبل فون ہو، صرف سام سنگ کا ہی نہیں بلکہ کسی بھی برانڈ کا۔

بہرحال، یہ اگست یا ستمبر سے پہلے آنے والا نہیں ہے۔ امکان یہی ہے کہ یہ پچھلے ورژن سے زیادہ ہلکا، بہتر واٹر پروف ڈیزائن رکھنے والا فون ہوگا، ساتھ ہی اس میں بیٹری بھی زیادہ اچھی ہوگی اور ڈسپلے کے اندر لگا کیمرا بھی بہتر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق ہو سکتا ہے کہ گلیکسی زیڈ فولڈ 4 کے ڈسپلے کے اندر دو مزید بہتر کیمرے لگائے جائیں۔


سونی ایکسپیریا 1 فور

موجودہ ماڈل سونی ایکسپیریا 1 تھری

سونی ایکسپیریا 1 تھری پچھلے کچھ سالوں میں آنے والا سونی کا بہترین فون ہے اور یہی وجہ ہے کہ سونی ایکسپیریا 1 فور پر سب کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ یہ جلد ہی آنے والا ہے اور ممکن ہے کہ اپریل تک آپ کے ہاتھوں میں ہو۔

اس فون کے بارے میں فی الحال بہت زیادہ باتیں معلوم نہیں ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں 50 میگاپکسلز کا کیمرا ہوگا۔ سونی تو خیر ویسے ہی اپنے اچھے کیمروں کے لیے مشہور ہے، پھر ساتھ ہی زبردست 4K ڈسپلے بھی ہوگا۔


ہواوی پی50

ہواوی پی 50

ہواوی پی50 رینج کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔ یہ شروع میں صرف چین ہی میں دستیاب ہوگا اس لیے ہمیں گلوبل لانچ کا انتظار کرنا پڑے گا اور یہ انتظار ضائع اور بیکار نہیں جائے گا۔ ذرا حود دیکھیں۔ ہواوی پی 50 پرو میں ہوگی 6.63 انچ کی اولیڈ اسکرین، جو 1228 بائے 2700 پکسلز کے ساتھ 120 ہرٹز ریفریش ریٹ رکھے گی۔ اس کے علاوہ اسنیپ ڈریگن 888 چپ سیٹ، 12 جی بی تک ریم اور ایک کواڈ لینس کیمرا بھی ہوگا۔ یہاں مین سینسر 50 میگا پکسل کا ہوگا، پھر ایک 64 میگا پکسلز کا ٹیلی فوٹو لینس، 3.5 ایکس آپٹیکل اور 200 ایکس ڈجیٹل زوم کے ساتھ، ایک 13 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ اور ایک 40 میگا پکسلز کا مونوکروم کیمرا بھی۔ اور کیا چاہیے؟

ہواوی پی 50 پرو میں ہوگی میں 4630 ایم اے ایچ کی بیٹری اور 66 واٹ کی زبردست فاسٹ چارجنگ، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ پابندیوں کی وجہ یہ اس میں اینڈرائیڈ نہیں بلکہ کمپنی کا اپنا بنایا گیا نیا ہارمنی او ایس 2 انسٹال ہوگا۔ پھر اس میں 5جی بھی نہیں ہوگا۔

بہرحال، اسٹینڈرڈ ہواوی پی50 تقریباً ایسا ہی ہوگا، بس اس میں اسکرین چھوٹی ہوگی جس کا ریفریش ریٹ 90 ہرٹز ہوگا۔ بیٹری 4100 ایم اے ایچ کی اور کیمرا ارینجمنٹ بھی ذرا مختلف ہوگا۔ 50 میگاپکسلز کا مین کیمرا، 13 میگا پکسلز کا الٹرا وائیڈ اور 12 میگا پکسلز کا ٹیلی فوٹو لینس۔


آئی فون ایس ای 3

آئی فون ایس ای 2020

اس میں تو کوئی شک نہیں کہ اس سال سب سے زیادہ انتظار آئی فون 14 رینج کا ہے لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ کمپنی پہلے آئی فون ایس ای سیریز میں ایک نیا فون پیش کریں۔ اب تک جو لیکس سامنے آئی ہیں اور جو افواہیں ہیں ان سے لگتا ہے کہ ہو سکتا ہے یہ فون مارچ تک ہی ریلیز ہو جائے اور بہت زیادہ دیر بھی ہوئی تو سال کی پہلی ششماہی میں ہی آ جائے گا۔

آئی فون ایس ای 3  میں ہوگا 5 جی اور ایک تیز رفتار اے 15 بایونک چپ سیٹ، بالکل آئی فون 13 رینج جیسی۔ البتہ اس میں ڈیزائن اور اسکرین موجودہ ماڈل جیسی ہی رہے گی۔ یعنی 4.7 انچ کی اسکرین اور بڑے بیزلز، ساتھ ہی ایک فزیکل ہوم بٹن بھی۔

یعنی اس سیریز میں ہمیں کوئی بڑی بہتری تو دیکھنے کو نہیں ملے گی لیکن یہ ایک کومپیکٹ اور نسبتاً افورڈیبل فون ہوگا، وہ بھی فلیگ شپ پاور اور 5 جی کے ساتھ۔ اس لیے انتظار تو بہت ہے۔


گوگل پکسل فولڈ

عرصہ ہو گیا ہم گوگل کے پکسل فولڈ کے بارے میں سنتے آ رہے ہیں۔ لیکن حال ہی میں کچھ ایسی خبریں سامنے آئی ہیں جن سے لگتا ہے کہ یہ 2022ء کے ابتدائی چند مہینوں میں ہی سامنے آ جائے گا۔

اب تک کی خبروں کے مطابق گوگل پکسل فولڈ میں 7.6 انچ کی فولڈیبل اولیڈ اسکرین ہوگی اور پکسل 6 جیسا ہی ٹینسر چپ سیٹ بھی۔ لیکن معلومات تو اٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ پھر بھی ہو سکتا ہے کہ یہ سام سنگ کی فولڈیبل فونز کی رینج کو سخت ٹکر دے۔ امید ہے کہ فولڈیبل فونز کی رینج میں اِس سال ہمیں خوب مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔


نوکیا 10

نوکیا 9

عرصہ ہو گیا نوکیا 10 کا انتظار کیے ہوئے، اتنا کہ کئی مرتبہ اس کا نام بھی تبدیل کر دیا گیا۔ شروع میں کہا جا رہا تھا کہ یہ نوکیا 9.1 کے نام سے ریلیز ہوگا، پھر 9.2 اور 9.3 اور اب اسے نوکیا 10 کہا جا رہا ہے۔ اب بھی یہ سننے میں آ رہا ہے کہ ممکن ہے کہ یہ نوکیا ایکس 60 کے نام سے لانچ ہو، یعنی ایک بالکل نئی برانڈ نَیم اسکیم کے ساتھ۔

خیر، ابھی تو یہ بھی پتہ نہیں کہ یہ کب آئے گا، افواہیں اڑتی رہتی ہیں، لیکن وقت گزر جاتا ہے اور فون کی جھلک تک دیکھنے کو نہیں ملتی۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ اتنا لمبا انتظار کرنے کے بعد ہمیں ایک شاہکار فون دیکھنے کو ملے؟ جیسا کہ کچھ افواہوں کے مطابق اس میں اِن اسکرین سیلفی کیمرا ہوگا، سیفائر گلاس ڈسپلے، پینٹا لینس کیمرا، 108 میگا پکسلز یا 200 میگا پکسلز کے مَین سینسر کے ساتھ، 6 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری، 144 ریفریش ریٹ رکھنے والی اسکرین اور جدید ترین اسنیپ ڈریگن چپ سیٹ۔ یعنی یہ بہت ہی کوئي پریمیئم فون ہوگا۔ لیکن اگر یہ آیا تب۔

آپ بتائیں آپ کو کس فون کا انتظار سب سے زیادہ ہے۔ ہمیں آپ کی رائے کا شدت سے انتظار رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

ایسے کرکٹ ریکارڈز جو شاید کبھی نہ ٹوٹیں

بچوں کے لیے سردیوں کا موسم یادگار بنائیں، لیکن کیسے؟