میں

پاکستان آئیں تو کیا خریدیں؟

کیا آپ بیرون ملک رہتے ہیں؟ اور سردیاں کی چھٹیاں گزارنے کے لیے پاکستان آ رہے ہیں تو تحفے تحائف لینا آپ کے منصوبوں میں ضرور شامل ہوگا۔ پاکستان ایک جامع اور طویل تاریخ رکھتا ہے اور کئی تہذیبوں کا مسکن رہا ہے اسی لیے پاکستان کی ثقافت بہت گوناگوں ہے اور اس کی دستکاریوں میں بہت تنوع پایا جاتا ہے جو تحفے تحائف دینے والے ہمیشہ سب سے پہلے خریدتے ہیں۔ لیکن دستکاریوں کے علاوہ وہ کون سی چیزیں ہیں جو پاکستان سے خریدنا مناسب رہے گا؟ آئیں آپ کو بتاتے ہیں۔

پاکستان اپنی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی وجہ سے خاصا مقبول ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہاں کپڑے اور سلے سلائے ملبوسات بہت سستے داموں میں اور بہت عمدہ ملتے ہیں۔ چاہے وہ لان کے سوٹ ہوں، شرٹیں، پینٹیں اور سوئٹر ہوں یا پھر بستروں کی چادریں، مشہور ترین برانڈز کے ملبوسات ہوں یا گرم شالیں، آپ یہ سب بہت ہی اچھے داموں میں خرید سکتے ہیں اور بیرون ملک اپنے دوستوں کو تحفے میں دے سکتے ہیں۔ یہ وہاں بہت قیمتی تحفہ شمار ہوگا کیونکہ وہاں یہ چیزیں اتنی سستی نہیں ہیں۔

پاکستان کی ایک اور بڑی صنعت چمڑے کی ہے۔ جوتوں سے لے کر جیکٹوں اور بستوں سے لے کر بٹووں تک، چمڑے کی مصنوعات کی ایک وسیع رینج ہے جو پاکستان میں باآسانی اور مناسب داموں پر دستیاب ہے۔ چمڑے کی مصنوعات بیرون ملک انتہائی مہنگی ہیں اور پاکستان سے خریدنا آپ کے لیے بہت فائدہ مند رہے گا

کھیلوں کی مصنوعات کے لحاظ سے پاکستان کا شہر سیالکوٹ دنیا بھر میں مشہور ہے۔ کیونکہ یہ "گھر کی کھیتی” ہے اس لیے قیمت بھی "دال برابر” ہے۔ بہت عمدہ معیار کے کرکٹ بیٹ، گیندیں، ہاکیاں، فٹ بال، کھیلوں کے ملبوسات اور دیگر چیزیں بہت ہی سستے داموں پر مل جاتی ہیں اور اگر آپ کے رشتہ دار بیرون ملک رہتے ہیں تو ان کے بچوں کے لیے اس سے زیادہ عمدہ تحفہ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

پاکستان میں مصنوعی زیورات کا فیشن حالیہ چند سالوں میں بہت عام ہوا ہے۔ دیدہ زیب اور دلکش زیورات نہ صرف حسن کو چار چاند لگاتے ہیں بلکہ ملکی ثقافت کی حقیقی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ قیمتی پتھر بھی ملک میں بہت سستے داموں پر ملتے ہیں، اس لیے اگر آپ تحفے میں کسی کو زیورات دینا چاہتے ہیں تو خریدنے کے لیے پاکستان بہترین مقام ہے۔

اس کے علاوہ دست کاریوں میں برتن، لکڑی کا کام، شیشے کی چیزیں، سنگ مرمر کی مصنوعات اور اجرک، ٹوپی، پکول، کھدر اور رلّی جیسی دیسی مصنوعات بھی ایک یادگار تحفہ بن سکتی ہیں۔

اس لیے جب بھی پاکستان آئیں، واپسی پر تحفے تحائف لینے کے لیے ذہن بن کر رکھیں۔ کراچی ہو یا لاہور، راولپنڈی ہو یا پشاور، کوئٹہ ہو یا ملتان، جس بھی شہر میں جائیں بازار کا چکر ضرور لگائیں۔ خریداری کریں، ذرا تحمل کے ساتھ اور ہاں! قیمتیں کم کروانے کے لیے بحث ضرور کیجیے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

اپنی آمدنی کیسے بڑھائیں؟ 12 منفرد طریقے

وہ ملک جو آئندہ 20 سالوں میں ختم ہو جائیں گے