میں

اپنی آمدنی کیسے بڑھائیں؟ 12 منفرد طریقے

نیا سال شروع ہو چکا ہے اور جہاں نئے سال میں بہت سارے اہداف آپ کے سامنے ہوں گے، وہیں آمدنی میں اضافہ کرنا سب سے بڑا  ہوگا۔ چاہے مالی مشکلات کو کم کرنا ہو یا طرزِ زندگی کو بہتر بنانا، ہر صورت میں آمدنی میں اضافہ بہت ضروری ہے اور اس کے کئی طریقے موجود بھی ہیں۔ کچھ آسان ہیں اور کچھ مشکل، لیکن یہ سب آپ کے مالی حالات کو بہتر بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

‏1۔ تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ

یہ سب سے آسان، بلکہ کئی لوگوں کے لیے سب سے مشکل، طریقہ ہے کہ آپ جس ادارے میں نوکری کرتے ہیں وہاں درخواست دیں کہ نئے سال میں آپ کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے۔ ہمارے ہاں ایسے اداروں کی تعداد بہت کم ہے جو جہاں تنخواہ ضابطے اور اصولوں کے تحت دی جاتی ہے۔ زیادہ تر ادارے اس اصول پر چلتے ہیں کہ "جس کو ضرورت ہوگی، وہ خود کہے گا۔” اس لیے پہلی فرصت میں ہمت کر کے تنخواہ میں اضافے کی درخواست دے ہی دیں۔


‏2۔ اضافی سامان فروخت کردیں

عام طور پر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے گھر میں ہے ہی کیا؟ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ایسی کئی چیزیں ہوتی ہیں جو ہمارے استعمال میں نہیں آتیں۔ اس لیے نئے سال میں گھر میں موجود چیزوں کی فہرست تیار کریں اور جن کی آپ کو ضرورت نہیں ہے انہیں OLX پر یا فیس بک مارکیٹ پلیس میں فروخت کر دیں۔


‏3۔ پرانی کتابوں کی فروخت

ایسی کتابیں جو آپ پڑھ چکے ہیں، یا جن کی آپ کو اب ضرورت نہیں لیکن ایسے لوگ ضرور ہوں گے جنہیں ان کتابوں کی تلاش ہوگی۔ اس لیے اگر آپ اپنا بوجھ کم کرنا چاہتے ہیں اور کچھ آمدنی بھی حاصل کرنے کے خواہاں ہیں تو پرانی کتابیں فروخت کر دیجیے۔


‏4۔ الیکٹرانکس کا سامان بیچ دیں

اگر آپ کے بچے پرانے گیمنگ کونسول کو اب استعمال نہیں کرتے، یا پھر کوئی موبائل فون یا ٹیبلٹ محض دراز میں پڑا رہتا ہے یا کمپیوٹر اب زیادہ استعمال نہیں ہوتا تو ان سب چیزوں کو بیچ کر بھی آپ کچھ رقم حاصل کر سکتے ہیں۔


‏5۔ چیزیں ٹھیک کریں اور کمائیں

اگر آپ کو کچھ مرمت کا کام آتا ہے تو آپ ملازمت کے علاوہ اضافی اوقات میں کافی پیسے کما سکتے ہیں۔ مثلاً کمپیوٹر، لیپ ٹاپس اور موبائل کی مرمت، یا پھر بجلی کا کام۔ اگر آپ اس ہنر سے زیادہ واقف ہیں تو کسی کباڑیے کا رخ کریں، وہاں سے آپ کو ایسا سامان مل سکتا ہے جسے محض معمولی مرمت کی ضرورت ہوگی اور آپ اسے ٹھیک کر کے اچھی قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کر سکتے ہیں۔


‏6۔ آن لائن مواد تخلیق کریں

اگر آپ کو لکھنا آتا ہے اور کسی خاص موضوع، یا موضوعات، پر مہارت لکھتے ہیں تو آن لائن مواد لکھنا شروع کریں۔ بلکہ اگر آپ کے پاس بولنے کا ہنر بھی ہے تو کیا ہی بات ہے۔ آپ ویب سائٹس اور بلاگز کےلیے لکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی ویب سائٹ، بلاگ یا یوٹیوب چینل بھی بنا سکتے ہیں۔ ان سے آپ کو کافی آمدنی حاصل ہو سکتی ہے۔


‏7۔ فوٹوشاپ مہارت

اگر آپ فوٹو ایڈیٹنگ کے سافٹویئر میں مہارت رکھتے ہیں اور ڈیزائننگ کا کچھ پسِ منظر بھی رکھتے ہیں تو اپنے اضافی وقت میں فوٹوشاپ ماہر کی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں۔ آجکل جہاں شادی بیاہ کے موقع پر تصاویر بنوانے کا رجحان ویسے بھی کافی زیادہ ہے، اس لیے یہ کام آپ کو اچھی آمدنی دے سکتا ہے۔یا پھر Fiverr اور اس جیسی دیگر ویب سائٹس سے آپ ڈیزائننگ کے پروجیکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔


‏8۔ ٹیوشن پڑھائیں

ہو سکتا ہے آپ نے اسکول یا کالج کے بعد اپنی پہلی کمائی اسی کام سے حاصل کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ٹیوشن پڑھانا آج بھی ایک منافع بخش کام ہے اور اگر آپ کے پاس کسی خاص مضمون کی مہارت ہے تو یہ بہت اچھا ذریعہ آمدنی بن سکتا ہے۔ جیسا کہ ریاضی، کیمسٹری، فزکس یا بایولوجی جیسے موضوعات، جن میں ہمارے ہاں طالب علموں کی اکثریت کو مشکل پیش آتی ہے، ان میں پڑھا کر آپ خاصی آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ آجکل ایک رجحان آن لائن ٹیوٹنگ کا بھی ہے جس کے ذریعے آپ زوم یا کسی دوسرے سافٹ ویئر کی مدد سے بھی طلبہ کو آن لائن ٹیوشن پڑھا سکتے ہیں۔ ویسے ایک طریقہ جو آجکل خوب فروغ پا رہا ہے، یوٹیوب چینل بنانے کا بھی ہے جس میں اساتذہ مختلف کلاسز کے اسباق کے لیکچر بنا کر یوٹیوب پر وڈیو کی صورت میں پیش کر رہے ہیں اور وہاں سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔


‏9۔ کارپولنگ

ہو سکتا ہے آپ کو معلوم نہ ہو کہ کار پولنگ کس بلا کا نام ہے؟ آسان الفاظ میں یہ کہ آپ اپنی گاڑی میں جہاں بھی جا رہے ہوں، اسٹاپ پر کھڑے افراد کو بٹھا لیں اور ان سے فی سواری کرایہ حاصل کر کے منزل تک پہنچاتے۔ مثلاً آپ روزانہ دفتر جانے کے لیے جس راستے کا انتخاب کرتے ہیں، اسی پر جانے والے افراد کو بٹھا لیں۔ یوں نہ صرف آپ اپنی گاڑی کے اخراجات پورے کر سکتے ہیں بلکہ یہ آپ کو اضافی آمدنی بھی دے سکتا ہے۔ ذرا اپنے محلے کے اُن افراد سے بات کرکے دیکھیں جو روزانہ کام کے لیے اسی علاقے کا رخ کرتے ہیں جہاں آپ بھی ملازمت کرتے ہیں۔ ان سے ایک مخصوص ماہانہ رقم لیں اور روزانہ انہیں دفتر جاتے ہوئے ساتھ لے جائیں اور واپسی پر ساتھ لے آئیں۔


‏10۔ اوبر یا کریم چلائیں

اگر آپ کار پولنگ کر سکتے ہیں تو آپ کے لیے اوبر یا کریم چلانا بھی مشکل نہیں ہوگا۔ کام کے بعد اضافی اوقات میں اس سے کافی آمدنی حاصل کی جا سکتی ہے، خاص طور پر چھٹیوں کے دنوں میں۔ یہ دونوں رائیڈ شیئرنگ ادارے اپنی مخصوص شرائط پر پورا اترنے والے ڈرائیورز کو کام دیتے ہیں۔ ضرورت ہوگی صرف اور صرف ایک اسمارٹ فون کی۔

ویسے اب تو یہ سہولت موٹر سائیکلوں کے لیے بھی آ گئی ہے یعنی گاڑی نہیں ہے تو موٹر سائیکل ہی کے ذریعے سواریاں اٹھانے کا کام کیا جا سکتا ہے۔


‏11۔ گھر یا کمرہ کرائے پر دیں

اگر آپ کے گھر کی بالائی منزل خالی ہے، یا اس کا بہت کم حصہ استعمال ہوتا ہے تو اسے کرائے پر دیا جا سکتا ہے۔ یوں آپ اپنی آمدنی میں خاصا اضافہ کر سکتے ہیں۔ آجکل تو ویسے بھی اپنے گھر میں اضافی منزلیں تعمیر کر کے انہیں کرائے پر دینے کا رجحان بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ یہ ایک مرتبہ کی سرمایہ کاری اور لمبے عرصے کی آمدنی کا ایک آسان ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔


‏12۔ دست کاری کا فائدہ اٹھائیں

اگر آپ کو دست کاری میں کوئی ہنر آتا ہے تو اسے ضرور آزمائیں۔ مختلف ویب سائٹس پر اپنی بنائی گئی پہننے اوڑھنے کی چیزیں، گھریلو سجاوٹ کا یا دیگر سامان فروخت کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

وہ سائنسی "حقائق” جو دراصل سچ نہیں

پاکستان آئیں تو کیا خریدیں؟