میں

وڈیو گیمز کھیلنے کے حیرت انگیز فائدے

یہ جو ہیڈنگ ہم نے اوپر لگائی ہے، اسے پڑھ کر بچے اور نوجوان تو دوڑے دوڑے آ رہے ہوں گے بلکہ والدین بھی آستینیں چڑھائے بس آنے ہی والے ہیں کہ آخر وڈیو گیمز میں فائدے کی کیا چیز نظر آ گئی؟

اصل میں وڈیو گیمز کی شہرت کچھ اچھی نہیں ہے اور یہ بات حقیقت سے کافی قریب بھی ہے۔ اگر وقت بلکہ اب تو پیسے کے بھی زیاں کو دیکھیں تو واقعی وڈیو گیمز کھیلنے پر بڑوں کو گرفت کرنی چاہیے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر چیز کی طرح گیمز بھی اچھے اور بُرے ہوتے ہیں اور اچھے گیمز کی مدد سے نئی نسل کی تعلیم و تربیت میں کافی مدد لی جا سکتی ہے۔ اچھے گیمز بچوں کو تعلیمی لحاظ سے بہتر بنانے کے علاوہ جذباتی، ذہنی اور جسمانی طور پر بھی مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں اور وہ بہت سی ایسی چیزیں سیکھ سکتے ہیں جو تعلیم اور تربیت کے روایتی طریقوں میں نہیں سکھائی جاتیں۔

تو آئیے دیکھتے ہیں کہ وڈیو گیمز کھیلنے کے کون سے حیرت انگیز فائدے ہیں:

بینائی میں بہتری؟

آنکھ مت مسلیں، اوپر یہی لکھا ہے کہ وڈیو گیمز کھیلنے سے آنکھوں کی بینائی بہتر ہوتی ہے۔ وڈیو گیمز بلکہ عموماً ٹیلی وژن، کمپیوٹرز، موبائلز وغیرہ بدنام ہیں کہ انہیں زیادہ دیر تک دیکھنے سے نظر کمزور ہو جاتی ہے لیکن در حقیقت ایسا نہیں ہے۔ اگر آپ کمپیوٹر یا کونسول پر گیمنگ کرتے ہیں تو کھیلتے ہوئے آپ اسکرین کے اتنا قریب نہیں ہوتے کہ اس سے آپ کی بینائی متاثر ہونے لگے۔ بلکہ ایک دلچسپ تحقیق تو یہ بھی بتاتی ہے کہ وڈیو گیمز میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں اور رنگوں کی فوری تبدیلی سے آپ کی نظر بہتر ہو جاتی ہے۔


فیصلہ سازی

فیصلہ سازی ایک بہت اہم صلاحیت ہے اور زندگی میں بہت سے مراحل ایسے آتے ہیں جہاں صرف وقت پر فیصلہ نہ کرنے کی وجہ سے ہمیں بڑا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ کئی بار تو تاخیر سے درست فیصلہ بھی کام نہیں آتا۔ کیونکہ کسی وڈیو گیم میں کھیلنے والے کو اپنا ہدف حاصل کرنے کے لیے بر وقت فیصلہ کرنا پڑتا ہے، اس لیے حقیقی زندگی میں بھی وہ کوئی فیصلہ کرنے سے نہیں ہچکچاتا۔ پھر کسی بھی گیم میں ہونے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ انہیں نہ دہرانے کی عادت بھی عام زندگی میں بہت کام آ سکتا ہے۔


پریشانیاں آپ سے دُور

زندگی میں خوشی اور غمی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ خوشی کے ایام کو تیزی سے گزر جاتے ہیں لیکن پریشانیوں میں ہر دن ایک سال کی طرح گزرتا ہے۔ ان میں ایسی پریشانیاں بھی شامل ہوتی ہیں جو محض ہمارے خدشات ہوتے ہیں، بچوں کے حوالے سے، مستقبل کے بارے میں، کسی انہونی کا خوف۔ اس سے نجات کا آسان طریقہ ہے دماغ کو کسی ایسی سرگرمی میں مصروف کر دینا کہ جس سے وہ ارد گرد سے بے نیاز ہو جائے۔ گیمز اس کا بہت اچھا ذریعہ ہیں۔ نہ صرف یہ کہ اس سے آپ بہت سے خدشات سے دور ایک پناہ میں آ جاتے ہیں بلکہ گیمز سے آپ مشکلات کو بہتر انداز میں حل کرنے کے گُر بھی سیکھ جاتے ہیں۔ کوئی بھی ایسا کام جو آپ کو مشکل لگتا ہے، اسے ایک گیم سمجھ لیں اور اپنے ہدف کو آخری لیول سمجھ کر آگے بڑھتے جائیں، مرحلہ بہ مرحلہ، قدم بہ قدم۔


دوستی ایسا ناتا

آجکل کے زیادہ تر گیمز ایسے ہیں جو بیک وقت دو یا اس سے زیادہ لوگ کھیلتے ہیں۔ یوں کئی افراد باہمی تال میل کے ذریعے ایک ہی ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں یا پھر باہم مقابل ہوں تو ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ اس سے اکثر دوستیاں جنم لیتی ہیں اور کبھی کبھار تو بڑی پکّی دوستیاں ہو جاتی ہیں۔ ہم نے تو پب جی کھیلنے والوں کے رشتے ہوتے بھی دیکھے ہیں 😁

لیکن یاد رکھیں کہ جس طرح ہر چیز کا حد سے زیادہ استعمال نقصان دہ ہوتا ہے اسی طرح وڈیوز گیمز بھی مضر ہیں اور یہ آپ کی صحت، وقت اور پیسے کا زیاں کر سکتے ہیں۔ اس لیے وڈیوز گیمز کھیلیں، ضرور کھیلیں لیکن دن میں آدھے گھنٹے سے زیادہ نہیں۔ اگر آپ مزید کھیلنا چاہتے ہیں تو گھر سے باہر نکلیں اور کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، بیڈمنٹن یا ایسے ہی اصل کھیل کھیلیں کیونکہ یہ جسمانی اور ذہنی دونوں لحاظ سے آپ کے لیے فائدہ مند ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

روس-یوکرین کشیدگی، ایوی ایشن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر؟

[وڈیوز] کرسٹوفر کولمبس اور امریکا کی دریافت، تاریخ کا ایک بھیانک پہلو