میں

بل گیٹس کے لیے ہلالِ پاکستان

بل گیٹس کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ آپ نے دنیا کے بڑے ٹیکنالوجی اداروں میں سے ایک مائیکروسافٹ کی بنیاد رکھی تھی اور پھر دنیا کے امیر ترین لوگوں میں شامل ہو گئے۔ 1987ء سے 2017ء تک یعنی 30 سالوں میں صرف 4 سال ایسے تھے، جن میں وہ دنیا کے سب سے امیر فرد نہیں تھے۔ آج ان کی دولت کا اندازہ 130 ارب ڈالرز ہے اور وہ اب بھی دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔

لیکن ۔۔۔۔ اب بل گیٹس کی شہرت کی وجہ ہے ان کی خدمتِ خلق۔ پولیو کے خاتمے کے علاوہ انہوں نے کرونا وائرس کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر اپنی دولت کا استعمال کیا۔ اسی حوالے سے وہ گزشتہ روز پاکستان کے دورے پر بھی آئے، جہاں ان کی ملاقات وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت کئی اہم شخصیات سے ہوئی۔

اس موقع پر صدرِ پاکستان عارف علوی نے بل گیٹس کو پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا سوِل اعزاز "ہلالِ پاکستان” بھی دیا۔ انہیں یہ اعزاز غربت کے خاتمے اور صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے اپنی خدمات پر دیا گیا۔

ہلالِ پاکستان ہے کیا؟

ویسے یہ اعزاز پاکستان کے لیے کوئی غیر معمولی کارنامہ انجام دینے یا ثقافتی یا سماجی کردار ادا کرنے پر دیا جاتا ہے۔ یہ نہ صرف پاکستانی بلکہ غیر ملکی شہریوں کو بھی دیا جا سکتا ہے۔

ہلالِ پاکستان سب سے پہلے 1957ء میں ڈھاکا ہائی کورٹ کے چیف جسٹس امین احمد کو دیا گیا تھا۔ اب تک جن معروف غیر ملکی شخصیات نے ہلالِ پاکستان حاصل کیا ہے، ان میں معروف جرمن ڈاکٹر رتھ فاؤ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 2008ء میں یہ اعزاز موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کو بھی مل چکا ہے۔ انہیں پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے پر اُس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ہلالِ پاکستان سے نوازا تھا۔ ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو اقوام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہ وولکان بوزقیر بھی ہلالِ پاکستان حاصل کر چکے ہیں اور اب بل گیٹس اس فہرست میں نیا نام ہیں۔

پاکستان کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز

پاکستان کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز نشانِ پاکستان ہے جو 1958ء سے آج تک یہ کئی عالمی شہرت یافتہ شخصیات کو مل چکا ہے جن میں ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم، سابق شاہِ ایران رضا شاہ پہلوی، امریکی صدور ڈیوائٹ آئزن ہاور، رچرڈ نکسن، اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا آغا خان چہارم، بھارت کے وزیر اعظم مرار جی ڈیسائی، جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا، سابق امیر قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی، سلطانِ عمان قابوس بن سعید، سعودی عرب کے شاہ عبد اللہ بن عبد العزیز، ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان، چین کے صدر شی جن پنگ، کیوبا کے سابق صدر فیدل کاسترو، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، امیر قطر تمیم بن حماد الثانی، آزادئ کشمیر کے عظیم رہنما سید علی گیلانی بھی شامل ہیں۔

اعزازات کی درجہ بندی کیسے؟

جیسا کہ بتایا جا چکا ہے کہ ہلالِ پاکستان ملک کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ پاکستان کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز نشانِ پاکستان ہے۔ کون سا اعزاز کس زمرے میں آتا ہے؟ اسے سمجھنے کا ایک آسان طریقہ یہ ہے کہ اعلیٰ ترین اعزازات کو نشان کہا جاتا ہے جیسا کہ نشانِ پاکستان۔ پھر ہلال آتے ہیں جیسا کہ ہلالِ پاکستان ہے۔ تیسرا درجہ ستارہ کا ہے مثلاً ستارۂ پاکستان اور آخری ہے تمغہ، جیسا کہ تمغہ پاکستان۔ اسی میں پھر فوجی اعزازات بھی آتے ہیں، مثلاً نشانِ حیدر، ہلالِ جرات، ستارۂ جرات اور تمغہ جرات وغیرہ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

افغانستان سے بھاگے، یوکرین میں پھنسے  یعنی آسمان سے گرے، کھجور میں اٹکے

بچوں کو جلدی سلانے کے لیے یہ طریقے اپنائیں