آپ کسی بھی ملک کے بارے میں پڑھیں، دیکھیں یا جانیں گے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ ہر جگہ جو سکہ (کرنسی) رائج ہے اس کا نام مختلف ہے۔ یہ بالکل اسی طرح ہے جیسے زبانیں اور ثقافتیں تبدیل ہوتی ہیں لیکن یہ سوال تو ذہن میں پیدا ہوتا ہے کہ آخر پاکستان اور بھارت میں سکے کو روپیہ کیوں کہتے ہیں اور پڑوسی ایران اور دیگر خلیجی ممالک میں یہ ریال، درہم اور دینار وغیرہ کہلاتا ہے؟ تو دنیا کی مشہور ترین لغت ‘آکسفرڈ ڈکشنری آپ کے اس سوال کا جواب دیتی ہے۔
روپیہ
سب سے پہلے روپیہ! نہیں جناب، ہم ”باپ بڑا یا بھیا“ نہیں کہنے والے، بلکہ سب سے پہلے آپ کو بتا رہے ہیں کہ روپیہ کا لفظ کہاں سے آیا۔ یہ دراصل سنسکرت کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ”چاندی“۔ ہندوستان میں سکے کے لیے روپیہ کا لفظ استعمال ہونا شروع ہوا اور تقسیم کے بعد پاکستان میں بھی اسی لفظ کو رائج رکھا گیا۔ یہاں تک کہ انڈونیشیا میں بھی سکے کو روپیہ بولا جاتا ہے اور تینوں الفاظ کا ماخذ سنسکرت کا لفظ ہی ہے۔
ڈالر
پھر دنیا کی مشہور ترین کرنسی ڈالر ہے۔ یہ نام امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، سنگاپور اور بھی کئی ممالک میں سکے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ آکسفرڈ کے مطابق اس کا ماخذ جرمنی کا ایک قدیم لفظ ”Joachimsthal“ ہے جو چاندی سے مالامال ہاؤخم وادی سے موسوم تھا۔ اس چاندی سے بننے والے سکوں کو ”Joachimsthaler“ کہتے تھے جو مختصر ہوکر صرف ”تھالر“ رہ گیا اور پھر بگڑتا ہوا ڈالر کے نام میں تبدیل ہوگیا۔
ریال
سعودی عرب، ایران، قطر، یمن اور عمان میں جو سکہ رائج ہے اسے ”ریال“ کہتے ہیں۔ اس کا ماخذ لاطینی لفظ ”ریغالس“ ہے جس کا مطلب ”شاہی“ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یورو سے قبل اسپین میں بھی سکے کو ریال ہی کہتے تھے بلکہ برازیل کی کرنسی کو آج بھی ریال کہا جاتا ہے جو نوآبادیاتی طاقتوں اسپین اور پرتگال پر عرب ثقافت کے اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
دینار
پھر اردن الجزائر، سربیا اور کویت کا سکہ دینار کہلاتا ہے۔ یہ لاطینی لفظ ”دیناریس“ کی بگڑی ہوئی شکل ہے جو قدیم روم میں استعمال ہونے والے چاندی کے سکے کو کہتے تھے۔
پاؤنڈ
پھر برطانیہ کا مشہور زمانہ پاؤنڈ ہے جو دراصل لاطینی لفظ ”پاؤنڈس“ سے نکلا ہے جو وزن کو ہی کہتے ہیں۔ برطانیہ کے علاوہ، مصر، لبنان، سوڈان اور شام میں بھی کرنسی پاؤنڈ کہلاتی ہے۔
یوآن
چین میں یوآن، جاپان میں ین اور کوریا میں وون۔ ان سب کا ماخذ ایک چینی لفظ ہے جس کا مطلب ہے ”گول“ یا ”گول سکہ“۔
لیرا
فرانس اور ترکی میں ”لیرا“ نامی کرنسی رائج ہے۔ یہ ایک لاطینی لفظ ”لبرا“ سے نکلا ہے جس کا مطلب بھی وزن ہی ہے۔
دیگر
روس کا سکہ روبیل بھی دراصل چاندی کے ایک وزن کی پیمائش کو کہا جاتا ہے۔
جرمنی اور فن لینڈ کی کرنسی مارک کا مطلب بھی وزن ہی ہے۔
میکسیکو کی کرنسی کا نام پیسو ہے۔ یہ دراصل ایک ہسپانوی لفظ ہے جس کا معنی بھی یہی ہیں یعنی ”وزن“۔
شمالی یورپ کے چند ممالک میں کرونا نامی کرنسی استعمال ہوتی ہے جیسا کہ سوئیڈن، ناروے، ڈنمارک، آئسلینڈ اور اسٹونیا یہاں تک کہ چیک جمہوریہ میں بھی۔ ان کا سب کا ماخذ لاطینی لفظ ”کرونا“ ہے جس کا مطلب ہے ”تاج“۔





